|رپورٹ: ریڈ ورکرز فرنٹ، فیصل آباد|
فیصل آباد میں کھڑڑیانوالہ کے قریب بیسٹ فائبرز پرائیویٹ لمیٹڈ کے مزدور پچھلے دو ماہ کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف سراپا احتجاج۔ مزدوروں نے آج دوپہر شیخوپورہ فیصل آباد روڈ پر واقع اس فیکٹری کے گیٹ کے سامنے بھرپور احتجاج کیا۔ احتجاج میں لگ بھگ ڈیڑھ سو مزدور شریک تھے جبکہ تنخواہ کی عدم ادائیگی سے متاثرہ مزدوروں کی تعداد بارہ سو کے قریب ہے۔
ریڈ ورکر فرنٹ کے نمائندے سے بات کرتے ہوئے ایک مزدور کا کہنا تھا کے لاک ڈاؤن کے دوران کی تنخواہ کا حکومت کی جانب سے وعدہ کیا جا چکا ہے جبکہ مل مالک تنخواہ دینے سے نہ صرف انکاری ہے، بلکہ نوکری سے نکالنے کی دھمکی بھی دے رہے ہیں۔ اب نام نہاد لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد جب مل دوبارہ چالو ہو چکی ہے تو مالکان کا کہنا ہے کے لاک ڈاؤن کے دوران کی تنخواہ کا نام بھی نہ لو۔ جبکہ مزدور کا یہ بھی کہنا تھا کے انہی مالکان نے حکومت سے کرونا نقصان کے باعث بھاری بھرکم ٹیکس چھوٹ بھی لی ہے۔
مزدور کی یہ تمام تر گفتگو نہ صرف اس کے غم و غصہ کا اظہار کرتی ہے بلکہ اس کے بلند سیاسی شعور کی بھی غمازی کرتی ہے۔اس موقع پر مزدوروں کا کہنا تھا کے ہم اپنے باقی مزدور بھائیوں کے ساتھ بھی رابطہ کررہے ہیں اور مالکان کو یہ چتاونی دیتے ہیں کے اگر بقایا جات ادا نہ کیے گئے تو عید سے پہلے ہی فیصل آباد شیخوپورہ روڈ کو بند کر دیں گے۔
ریڈ ورکر فرنٹ بیسٹ فائبرز کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتا ہے اور ان کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔