|رپورٹ: ریڈ ورکرز فرنٹ|
بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں 110سے زائد کانوں میں ہزاروں محنت کش بنیادی حقوق سے محروم ہونے کی وجہ سے شدید کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ لاکھوں روپے روزانہ کی بنیاد پر کمانے والے مالکان اپنے مزدوروں کو انتہائی قلیل تنخواہ پر کام پر رکھتے ہیں۔ ضلع لسبیلہ میں صرف ماربل کی ہی 37سے زائد کانوں میں سینکڑوں مزدور دیہاڑی پر کام کرنے پر مجبور ہیں۔ سوشل سیکیورٹی اور ای او بی آئی سے محروم ہیں اور کام کی جگہ پر مناسب حفاظتی اقدامات نہ ہونے کہ وجہ سے حادثات کا شکار ہوتے ہیں۔
ضلع لسبیلہ سے سالانہ کروڑوں روپے کے محصولات وصول کرنے کے باوجود محنت کشوں کی فلاح و بہبود کے لئے کسی بھی قسم کے کوئی اقدامات نہیں کئے جاتے۔ یونائیٹڈ لیبر فورم کے رہنماؤں نے مائنز کے ورکرز کے غیر انسانی حالات کار پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے اور انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ مائنز ورکرز کو مستقل ملازمت کے ساتھ ساتھ سوشل سیکیورٹی، ای او بی آئی اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں اور کام کی جگہ پر محنت کشوں کو ناصرف انسانی ماحول فراہم کیا جائے بلکہ حادثات سے بچنے کے لئے سیفٹی کے بھی مناسب اقدامات کئے جائیں۔