مصر: یونیورسل کمپنی کے ہڑتالی مزدوروں کے ساتھ اظہار یکجہتی!

|تحریر: مارکسی ڈاٹ کام ویب سائٹ، ترجمہ: ولید خان|

16 ستمبر سے یونیورسل الیکٹرک اپلائنس کمپنی کے 2500 سے زائدفیکٹری مزدور دارالحکومت قاہرہ کے قریب 6 th آف اکتوبر سٹی انڈسٹریل زون میں ولولہ انگیز ہڑتال کئے ہوئے ہیں۔ براہ کرم یہ اپیل پڑھیں اور ہمارے اس یکجہتی کے پیغام کو زیادہ سے زیادہ شیئر کریں۔

انگریزی میں پڑھنے کیلئے یہاں کلک کریں

مزدوروں نے اپنے معیار زندگی پر مالکان کے جابرانہ حملوں کا مقابلہ کرنے کے لئے اس ہڑتال کا آغاز کیا۔ تین مہینوں سے اجرتیں بند ہیں اور خطرہ الاؤنس مکمل طور پر بند کیا جا چکا ہے۔ بعد الذکر بہت زیادہ اہم ہے کیونکہ فیکٹری میں مسلسل انگلیوں اور ہاتھوں کے کٹ جانے سے لے کر دل کے دوروں تک حادثات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ حالات اتنے خراب ہو چکے ہیں کہ صرف پچھلے تین مہینوں میں 15 مزدوروں کی اموات ہو چکی ہیں جن میں سے دو نے خودکشی کی۔

مزدوروں پر یہ حملے ایک ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب مصری عوام حکومت کی ہولناک جبری کٹوتیوں کی پالیسی میں پس رہی ہے۔ حالیہ دور میں IMF کی لاگو کردہ نام نہاد ”سٹرکچرل ایڈجسٹمنٹ“ پالیسیوں کے جبر میں مزدوروں اور غرباء کا معیار زندگی تباہ و برباد ہو چکا ہے۔ اس سفاک جرم میں مصری حکمران طبقہ اور اس کی محافظ عسکری آمریت کھلم کھلا حمایت کر رہی ہے۔

اس ہڑتال کے دوران فوج نے خاص طور پر سرمایہ داروں کے تحفظ میں انتہائی گھناؤنا کردار ادا کیا ہے۔ فیکٹری کے تین صف اول کے مزدوروں اور ان میں سے ایک کے بیٹے کو ان کے گھروں سے مزدوروں کو ہڑتال پر اکسانے اور کام میں خلل ڈالنے کے جرم میں ”گرفتار“ کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے ساتھ بڑھتے تناؤ اور جبر میں مزدور اب دھرنے کی دھمکی دے رہے ہیں۔

ان واقعات نے آمر عبدل الفتح السیسی کی ساکھ مزید تباہ کر دی ہے جو تمام مصری عوام کی نمائندگی اور طبقاتی جدوجہد سے بالاتر ہونے کا دعویٰ کرتا ہے۔ حتمی طور پر عسکری آمریت مصری سرمایہ داروں کے مفادات کا ہی تحفظ کرے گی اور اس کے وجود کا مقصد ہی محنت کش طبقے کو جبر کے ذریعے کچلنا ہے۔

عسکری آمریت کے مسلسل جبر کے باوجود مصری محنت کش طبقے نے بارہا ثابت کیا ہے کہ وہ اپنے معیار زندگی اور کام کے بہتر حالات کے لئے جدوجہد کرنے کو تیار ہے۔ مالکان کے خلاف جدوجہد کرنے کی مصری محنت کش طبقے کی طویل روایات ہیں اور وہ اپنے حقوق کے لئے مسلسل جدوجہد کرتے رہیں گے۔ ہم مارکس وادی سرمایہ داروں اور عسکری آمریت کی طرف سے جاری مسلسل معاشی جبر کے خلاف یونیورسل کمپنی کے محنت کشوں اور دیگر کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعلان کرتے ہیں جو اپنی زندگیوں کو بچانے کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔

اس نوعیت کی معاشی جدوجہد محنت کش طبقے کو انتہائی اہم تجربات اور اسباق سے مسلح کرتی ہے جو مستقبل میں مصری انقلاب کی جدوجہد میں انتہائی کارآمد ثابت ہوں گے۔

ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ مزدوروں کے تمام مطالبات فوری طور پر پورے کئے جائیں۔ اگر مالکان دعویٰ کرتے ہیں کہ ان کے پاس پیسے نہیں تو مزدوروں کو فوری مطالبہ کرنا چاہیئے کہ وہ تمام کھاتے کھول کر مزدوروں کے سامنے رکھیں اور کمپنی کی تمام خفیہ فنانشل تفصیلات منظر عام پر لائیں۔ اگر کمپنی دیوالیہ ہو چکی ہے تو اسے فوری طور پر ضبط کر کے مزدوروں کے جمہوری کنٹرول میں دے دینا چاہیئے جو اسے احسن انداز میں چلانے کی پوری اہلیت رکھتے ہیں۔

اس وقت فوج نے پوری فیکٹری کو چاروں طرف سے گھیر رکھا ہے اور مزدوروں کا پوری دنیا سے تعلق منقطع کیا ہوا ہے۔ ان حالات میں ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے مزدور بھائیوں کی آواز بنیں اور ان کے پیغام کو پوری دنیا کے طول و عرض میں پھیلائیں۔ ہم خطے اور پوری دنیا کے محنت کشوں سے یکجہتی کی اپیل کرتے ہیں کہ وہ مصر میں اپنے مزدور بھائیوں کی مدد کریں۔ ہم یونیورسل کمپنی کے محنت کشوں کے لئے پوری دنیا کے محنت کشوں سے اپیل کرتے ہیں کہ آپ کے بھائیوں کو ریاستی جبر اور پابندیوں کا سامنا ہے اور ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ گرفتار مزدوروں کو فوری طور پر رہا کرتے ہوئے سیکورٹی کے نام پر ظلم و ستم کو فوری طور پر بند کیا جائے۔

1۔ گرفتار مزدوروں کو رہا کرو!
2۔ یونیورسل کمپنی کے مزدوروں کے ساتھ وسیع ترین یکجہتی کی جانب بڑھو!
3۔ اجرتوں کی ادائیگی کرو!
4۔ تمام ممکنہ دیوالیہ فیکٹریوں پر مزدوروں کا قبضہ!
5۔ مصری محنت کش طبقہ زندہ باد!
6۔ سرمایہ دار حکومتیں مردہ باد!
7۔ عسکری آمریت مردہ باد!
8۔ ایک مزدور حکومت کی قیادت میں سوشلسٹ انقلاب کے علاوہ اور کوئی حل نہیں!

آپ اس جدوجہد کی حمایت کے لئے اس طرح مدد کر سکتے ہیں:

1۔ مندرجہ ذیل ماڈل قرار داد پر دستخط کریں اور اسے کمپنی کے فیس بک اکاؤنٹ پر بھیجیں۔۔ https://www.facebook.com/UniversalHomeAppliancesاور ایک کاپی marxy@marxy.com اور contact@marxist.com کو بھیجیں۔

2۔ اپنی ٹریڈ یونین یا پارٹی برانچ میں یہ قراردار منظور کرائیں اور انہی پتوں پر بھیجیں۔ marxy@marxy.com اور contact@marxist.com پر پیغام بھیجنا نہ بھولیں تاکہ ہم کمپنی پر اپنا دباؤ مسلسل بڑھاتے رہیں۔

ماڈل قرارداد

16 ستمبر سے یونیورسل الیکٹرانک فیکٹری کے مزدور قاہرہ کے 6th آف اکتوبر سٹی میں ہڑتال پر ہیں۔ خطرناک کام کے حالات اور پچھلے تین مہینوں سے اجرت کی عدم ادائیگی کے بعد انہوں نے اپنے بنیادی حقوق کے تحفظ کا بہادرانہ فیصلہ کیا ہے۔ پچھلے تین مہینوں میں ان کے 15 ساتھی فیکٹری میں خطرناک حالات کی وجہ سے مر چکے ہیں اور کئی مزدوروں کے ساتھ خوفناک حادثات ہو چکے ہیں۔ یہ محنت کش نہ صرف ایک جائز اجرت کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں بلکہ اپنی اور اپنے ساتھیوں کی زندگیوں کے لئے بھی لڑ رہے ہیں۔ خطرناک حالات میں کام کرنے پر مجبور کرنے والی کمپنی نے انتہائی بے حیائی اور سفاکی سے خطرہ الاؤنس بھی بند کر دیا ہے۔

زندگی اور موت کی اس کشمکش کے دوران ان پر پولیس اور فوج نے انتہائی پرتشدد حملے کئے ہیں۔ تین ہڑتالی مزدور اور ان میں سے ایک کے بیٹے کو اپنے حقوق کے لئے جدوجہد کرنے کے جرم میں اغواء کر کے ریاستی تحویل میں رکھا ہوا ہے۔ اس وقت فوج نے مزدوروں کو مکمل طور پر پوری دنیا سے کاٹ کر رکھا ہوا ہے تاکہ وہ دنیا میں اپنا پیغام نہ پہنچا سکیں۔ ان خطرناک حالات میں ان کے پاس سب سے بڑا اور اہم ہتھیار عالمی یکجہتی ہے۔

ہم یونیورسل کمپنی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر ہڑتالی مزدوروں کے تمام مطالبات پورے کرے۔ تمام غیر ادا شدہ اجرتوں کو فوری طور پر ادا کیا جائے، خطرہ الاؤنس فوری جاری کیا جائے، فیکٹری میں کام کے حالات محفوظ بنائے جائیں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ہڑتالی مزدوروں پر جبر فوری طور پر ختم کیا جائے۔ گرفتار مزدوروں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔ یہ سیاسی قیدی ہیں اور انہوں نے کوئی جرم نہیں کیا۔

یکجہتی!

Comments are closed.