|رپورٹ: انقلابی کمیونسٹ پارٹی، ڈیرہ غازی خان|
مورخہ 05 جون کو واپڈا ہائیڈرو یونین کی کال پر میپکو آفس ڈیرہ غازی خان میں احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ احتجاج میں یونین کے عہدیداران سمیت دیگر محنت کشوں نے بھی شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آنے والے بجٹ میں مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے۔ واپڈا کمپنیوں کی نجکاری کا سلسلہ بند کیا جائے اور نجکاری کا شکار ہونے والی کمپنیوں کو دوبارہ قومی تحویل میں دیا جائے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ نئی بھرتیاں نہ ہونے کی وجہ سے ملازمین شدید مسائل کا شکار ہیں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ فی الفور نئی بھرتیوں کا اعلان کیا جائے۔ مظاہرین نے کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
یونین احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ احتجاج کا دائرہ کار وسیع کرنے پر مجبور ہوں گے۔ انقلابی کمیونسٹ پارٹی ان تمام مطالبات کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کرتی ہے اور ہم اس جدوجہد میں محنت کشوں کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کاعزم کرتے ہیں۔