|رپورٹ: ریڈ ورکرز فرنٹ، ڈیرہ غازی خان|
ریڈ ورکرز فرنٹ کی جانب سے ملک بھر میں یکم مئی، عالمی یو م مزدور کے حوالے سے جلسوں، احتجاجی ریلیوں اور مزدور سیمیناروں کا انعقاد کیا گیا۔ اس سلسلے میں ڈیرہ غازی خان میں بھی ریڈ ورکرز فرنٹ کی جانب سے پی ڈبلیو دی ورکرز یونین(PWD) کے تعاون سے پی ڈبلیو ڈی یونین آفس کے احاطے میں ایک مزدور سیمینار منعقد کیا گیا۔
سیمینار میں ہائی وے اور محکمہ بلڈنگ کے ملازمین کے علاوہ باقی اداروں سے بھی محنت کش شریک ہوئے۔
ریڈ ورکرز فرنٹ کے مرکزی انفارمیشن سیکریٹری کامریڈ آصف لاشاری نے پروگرام کو چئیر کیا اور یکم مئی کی تاریخی اہمیت اور موجودہ عہد کے کردار پر تفصیلی گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں محنت کشوں کی کئی نسلوں کی جدوجہد اور قربانیوں کے بعد حاصل ہونے والے حقوق آج واپس چھینے جا رہے ہیں اور سرمایہ داری کے بحران کا سارا بوجھ محنت کشوں پر ڈالا جا رہا ہے۔ محنت کشوں کو منظم اور متحد ہونا ہوگا اور سرمایہ داری کا خاتمہ کرنے کے لیے ایک انقلابی لڑائی کی تیاری کرنی ہوگی جس کے لیے آج ہمیں ایک انقلابی پارٹی بنانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں کمیونسٹ محنت کشوں کی ایک ایسی ہی پارٹی بنانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ ہم تمام محنت کشوں کو اس کمیونسٹ پارٹی کا حصہ بننے کی دعوت دیتے ہیں۔
پی ڈبلیو ڈی ورکرز یونین کے راہنما اسحاق خان کا کہنا تھا کہ شکاگو کے محنت کشوں نے زندگیوں کی قربانی دے کر محنت کشوں کے حقوق حاصل کیے۔ آج اس بات کی ضرورت ہے کہ ان کی جدوجہد کو آگے بڑھایا جائے۔
پنجاب ٹیچرز یونین ڈیرہ غازی خان کے جنرل سیکرٹری ندیم ملغانی کا کہنا تھا کہ آج محنت کشوں سے زندہ رہنے کا حق چھین لیا گیا ہے۔ کم از کم اجرت جو کہ انتہائی کم ہے وہ بھی کہیں ادا نہیں کی جا رہی ہے اور ڈیرہ غازی خان میں محنت کشوں کی اکثریت کم از کم اجرت سے بھی آدھی اجرت پر کام کرنے پر مجبور ہیں۔ مہنگائی نے غریب عوام کو خودکشیاں کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔
نیشنل پروگرام ایمپلائز یونین ڈیرہ غازی خان کی راہنما سلمیٰ نواز کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے محنت کشوں سے زندہ رہنے کا حق چھین لیا ہے۔ محنت کشوں کو یہ ریاست روزگار دینے سے قاصر ہے۔ ہر طرف بدامنی اور قتل و غارت ہے۔ کسانوں کو معاشی طور پر برباد کیا جا رہا ہے۔ ملک بھر میں دھڑادھڑ اداروں کی نجکاری کی جا رہی ہے۔ آج تمام اداروں کے ملازمین اور محنت کشوں کو اپنے حقوق کے لیے متحد ہونا ہوگا۔
اس سے پہلے یکم مئی کی تیاریوں کے سلسلے میں ڈیرہ غازی خان شہر میں یوم مئی کے پوسٹرز آویزاں کیے گئے اور یوم مئی کے پروگرام کی دعوت دینے کے لیے سکولوں کا وزٹ کیا گیا اور اساتذہ کو شرکت کی دعوت دی گئی۔
اس طرح 17 بلاک کالج کے سٹاف کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی اور اتحاد اساتذہ کے نو منتخب عہدیداروں کو بھی پروگرام میں شرکت کی دعوت دی گئی۔ ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل سٹاف کو بھی دعوت نامے دیے گئے۔واپدا ہائیڈرو یونین کے عہدیداروں کو بھی پروگرام میں شرکت کی دعوت دی گئی۔