|تحریر: مارک رحمان، ترجمہ: فرحان رشید|
بدھ کی صبح امریکیوں کے دن کا آغاز اس خبر سے ہوا کہ یونائیٹڈ ہیلتھ کیئر کے سی ای او، برائن تھامسن، کو مین ہٹن (Manhattan) ہوٹل کے باہر ایک منصوبہ بند حملے میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ ملک کے سرمایہ دار اور ان کے نمائندے اپنے ایک ساتھی کی موت پر مل کر آنسو بہا رہے تھے۔ اس واقعہ پر سب سے پہلے ردعمل ظاہر کرنے والوں میں سے ایک مینیسوٹا (Minnesota) کے گورنر ٹِم والز تھا، جو گزشتہ انتخابات میں کمالہ ہیرس کا ساتھی تھا، اس نے تھامسن کی موت کو ”بزنس اور صحت کے شعبے کے لیے ایک بڑا نقصان“ قرار دیا۔
(یہ اصل تحریر 6 دسمبر کو ہماری ویب سائٹ communistausa.org پر شائع ہوئی، حالانکہ یہ تحریر لوجی مینگیون کی گرفتاری سے پہلے لکھی گئی تھی، لیکن اس کا تجزیہ آج بھی بر وقت اور متعلقہ ہے۔)
ملک بھر کے لاکھوں مزدوروں نے اس واقعہ پر کوئی افسوس ظاہر نہیں کیا۔ ہیلتھ انشورنس کی صنعت ملک کی سب سے زیادہ نفرت کی جانے والی صنعتوں میں سے ایک ہے، جس نے مہنگی قسطوں، وظیفوں کے انکار سمیت دیگر صورتوں میں تقریباً ہر مزدور کی زندگی کو منفی طور پر متاثر کیا ہے۔ شعبہئ صحت کے اخراجات امریکہ کے دیوالیہ ہونے کی سب سے بڑی وجہ ہیں، جہاں 41 فیصد آبادی طبی بلوں کے باعث قرضے میں ہے اور تیس لاکھ امریکی دس ہزار ڈالر یا اس سے زیادہ کے قرضے میں ہیں۔ 90 فیصد امریکی عوام کے بیمہ کوریج رکھنے کے باوجود یہ صورتحال ہے۔
صحت کے معاملات کو نظر انداز کرنے اور 32 فیصد تک درخواستوں کو مسترد کرنے میں صف اوّل میں ہونے کے باعث یونائیڈ ہیلتھ کئیر سب سے زیادہ قصور وار ہے۔ صورتحال کو مزید بدتر بناتے ہوئے، کمپنی نے حال ہی میں صحت کی دیکھ بھال کی درخواستوں کو پراسیس کرنے کے لیے آرٹیفشل انٹیلیجنس کے الگورتھمز کا استعمال شروع کیا ہے، جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان میں 90 فیصد تک غلطی کی شرح پائی جاتی ہے۔ جس کا نتیجہ یہ ہے کہ لاکھوں لوگ ایسے صحت کی دیکھ بھال کے ایسے بل وصول کرتے ہیں جو، حتیٰ کہ کمپنی کے اپنے اصولوں کے مطابق بھی، ادا ہو جانے چاہییں، لیکن جب تک وہ کمپنی کے بیوروکریٹک نظام سے نہیں گزرتے یا عدالت کا رخ نہیں کرتے، انہیں کوئی حل نہیں ملتا۔ لاکھوں امریکی روزانہ اس کیفیت کا سامنا کرتے ہیں کہ یا تو وہ کمر توڑ قرضے لینے یا اپنی صحت کو خطرے میں ڈالنے یا مطلوبہ علاج نہ کروانے کے نتائج قبول کرنے میں سے کسی ایک کا انتخاب کریں۔
دوسری جانب، یونائیٹڈ ہیلتھ کیئر نے اپنے کاروباری ماڈل کی بنیاد میں موجود موت اور مصیبت کو اپنے فائدے میں بدل دیا ہے۔ 2023ء میں کمپنی کی آمدنی میں 14.6 فیصد یا 47.5 بلین ڈالر کا اضافہ ہوا، جس سے کل آمدنی 371.6 بلین ڈالر تک پہنچ گئی۔ فوربز کے مطابق، ”یونائیٹڈ ہیلتھ گروپ نے 2023ء میں 22 ارب ڈالر کا منافع رپورٹ کیا، جس میں چوتھی سہ ماہی میں 5.5 بلین ڈالر شامل تھے، جیسا کہ اس کا ہیلتھ انشورنس اور خدمات کا پورٹ فولیو دوہرے ہندسوں کی شرح سے ترقی کر رہا تھا۔“ یہی وجہ ہے کہ یہ وال مارٹ، ایمازون اور ایپل کے بعد ملک کی چوتھی سب سے قیمتی کمپنی ہے۔
تو تھامسن کے قاتل کے محرکات کے بارے میں زیادہ قیاس آرائی کرنے کی ضرورت نہیں۔ جائے وقوعہ سے ملنے والی تین گولیوں کے خولوں پر ”انکار“، ”دفاع“ اور ”قانونی کارہ جوئی“ کے الفاظ درج تھے، جو ممکنہ طور پر ان پیچیدہ اور اذیت ناک مراحل کی طرف اشارہ کرتے ہیں جن سے یونائیٹڈ جیسی کمپنیاں اپنے ”کسٹمرز“ کو ان کے تاریک ترین لمحوں کے دوران پیش کرتی ہیں۔ ایک ایسے شخص کے لیے، جس کی کل دولت کا تخمینہ 43 ملین ڈالر اور سالانہ تنخواہ تقریباً 10 ملین ڈالر ہو، ”افسوس“، ”صدمہ“ اور ”خوف“ کے الفاظ وہ کیفیت نہیں رکھتے جو زیادہ تر امریکی مزدوروں کے ذہنوں میں رکھتے ہیں۔ اس کے برعکس، غالباً یہ اس عرصے میں پہلی بار ہوا کہ جب لوگوں کی اکثریت نے یہ محسوس کیا کہ انصاف ہوا ہے۔ آخرکار، جب مافیا کے سربراہ قتل ہو جائیں تو ہم سے ان کے لیے آنسو بہانے کو نہیں کہا جاتا کیونکہ (قتل کیے جانا) تو ان خطروں میں سے ایک ہے جس کے بار ے میں آپ لوگوں کی زندگیوں سے کھلواڑ کے کاروبار میں شامل ہوتے ہوئے قیاس کرتے ہیں۔
گذشتہ چند دنوں میں سامنے آنے والی ہزراوں ویڈیوز اور آڑٹیکلز کے تبصروں کے سیکشنز میں طبقاتی نفرت کا عنصر نمایاں نظر آتا ہے۔ نیو یارک ٹائمز نے ان تبصروں کا ایک مختصر نمونہ پیش کیا:
سی این این کی جانب سے شوٹنگ کی ویڈیو کے نیچے ایک تبصرے میں لکھا گیا، ”خاندان کے لیے خیالات اور کٹوتیاں، بدقسمتی سے میری تعزیت آؤٹ آف نیٹ ورک ہے۔“
ٹک ٹاک پر ایک صارف نے لکھا، ”میں ایک ایمرجنسی روم نرس ہوں اور مرتے ہوئے مریضوں کو انشورنس سے انکار کی صورت میں میں نے جو کچھ دیکھا ہے، وہ مجھے جسمانی طور پر بیمار کر دیتا ہے۔ ان مریضوں اور ان کے خاندانوں کی وجہ سے میں اس قتل ہونے والے کے لیے کوئی ہمدردی محسوس نہیں کرتی۔“
ٹک ٹاک پر ایک اور تبصرے میں کہا گیا، ”میں آٹھ ہزار ڈالرز کی کٹوتی کے ساتھ صحت انشورنس کے لیے تیرہ سو ڈالرز ماہانہ ادا کرتا ہوں (تئیس ہزار ڈالرز سالانہ)۔ بالآخر جب میں نے اپنی کٹوتیاں پوری کیں تو انہوں نے میرے واجبات مسترد کر دیے۔ وہ ایک ماہ میں ایک ملین ڈالر کما رہا تھا۔“
ایک اور صارف نے لکھا: ”یہ نیا معمول بننا چاہیے۔ امیروں کو کھا جاؤ۔“
”ہسپتال کے لیے ایمبولینس شاید نہ ملے۔“
ایک خاتون نے یونائیٹڈ ہیلتھ کیئر سے اپنے معذور بیٹے کے لیے ایک خاص بستر حاصل کرنے کی کوشش میں ہونے والی مایوسی کا اظہار کیا۔ ایک اور صارف نے بچے کی پیدائش کے بعد بلوں اور کوریج کے مسائل سے جدوجہد کا ذکر کیا۔
”یہ بہت پریشان کن ہے،“ اس صارف نے ایک ویڈیو میں کہا۔ ”میں اس کے باعث بیمار ہو گئی تھا۔“
اس واقعے کے عملی ردعمل میں شدت آئی ہے، کیونکہ NYPD (New York City Police Department) قاتل کو تلاش کرنے کے لیے ”تمام وسائل استعمال کرو“ کے طریقے پر عمل کر رہا ہے۔ اس نوعیت کے قتل کے بعد کسی کا بچ جانا ایک نہایت خطرناک پیغام دے سکتا ہے۔ اس خدشے کے تحت کہ یہ عمل دوسروں کو تقلید پر اکسائے گا، Fortune 500 کی درجنوں کمپنیوں کے نجی سیکیورٹی سربراہان نے زوم پر میٹنگ کی تاکہ ان خطرات پر تبادلہ خیال کیا جا سکے جو اب وہ اپنی کمپنیوں کے ایگزیکٹوز کے لیے دیکھ رہے ہیں۔
جیسا کہ WUSA9 نیوز نے رپورٹ کیا:
(ایگزیکٹو پروٹیکشن فرم) گلوبل گارڈین کے صدر اور سی ای او، ڈیل بکنر نے وضاحت کی کہ اس واقعے کے بعد پہلے چار گھنٹوں کے اندر کمپنی کو ایگزیکٹو پروٹیکشن کے لیے 47 درخواستیں موصول ہوئیں۔ اگلے دن تک، اس تعداد مزید 20 سے زائد درخواستوں کا اضافہ ہوا، اور توقع کی جا رہی تھی کہ یہ مانگ بڑھتی رہے گی۔
”انہیں تشویش ہے، یقینا آپ تصور کر سکتے ہیں کہ یہ واقعہ ایک طرح سے تنبیہ ہے،“ بکنر نے کہا۔
بکنر نے مزید کہا، ”اس قسم کی خدمات کی ضروریات میں نمایاں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ اس وقت دنیا میں دو بڑی جنگیں جاری ہیں، ایک مشرق وسطیٰ میں اور ایک یورپ میں۔ مجموعی طور پر، دنیا بھر میں اس وقت 56 جنگیں ہو رہی ہیں۔ 56۔ یہ تعداد دوسری عالمی جنگ کے بعد سب سے زیادہ ہے۔“
بکنر نے کہا، ”بورڈز آخر کار یہ سمجھنے لگے ہیں کہ انہیں حقیقت میں اپنے اثاثوں کی حفاظت کرنی چاہیے، ایگزیکٹو پروٹیکشن اب کوئی آپشن نہیں ہے۔ بلکہ جس دنیا میں ہم زندہ ہیں یہ ضرورت بن چکی ہے۔“
کسی کو اس قتل پر مجبور کرنے والے عوامل کیا ہو سکتے ہیں؟ کئی لحاظ سے یہ سوال خود ہی جواب دے دیتا ہے۔ لیکن جو چیز کم واضح ہے وہ یہ ہے کہ یہ قتل ایسے وقت میں ہوا جب محنت کش طبقے کے رہنماؤں کی جانب سے حکمران طبقے کے خلاف جدوجہد کو آگے بڑھانے کے لیے کوئی معنی خیز راستہ فراہم نہیں کیا جا رہا۔ اس کے برعکس، زیادہ تر مزدور رہنما ڈیموکریٹک پارٹی کے پیچھے کھڑے ہیں، وہ پارٹی جو کہ واضح طور پر صحت انشورنس انڈسٹری سے جڑی ہوئی ہے۔ دیگر رہنماؤں، جیسے ٹیمسٹرز کے شان اوبرائن، نے RNC (Republican National Committee) اور ٹرمپ کی حمایت کی اور ایک ایسے صدر کو جواز فراہم کیا گیا جس کا مزدوروں کے مسائل پر ریکارڈ اتنا ہی خراب ہے اور جس کے صحت انشورنس کے ایگزیکٹوز کے ساتھ خاندانی تعلقات ہیں۔
برنی سینڈرز کی 2016ء کی مہم کے دوران ”صحت سب کے لیے“ کی بات، جو پہلے ہی بہت محدود تھی، پہلے بائیڈن اور ہیرس کے دفاع کی وفادارانہ کوشش میں دب گئی اور پھر ایک ایسی پارٹی کی غلطیوں پر افسوس ظاہر کرنے تک محدود ہو گئی جو اپنے آغاز سے ہی محنت کشوں کی نمائندہ نہیں تھی۔ حکمران طبقے کے خلاف مجموعی طور پر محنت کش طبقے کی اجتماعی جدوجہد کی عدم موجودگی میں یہ حیران کن نہیں ہے کہ کوئی فرد حکمران طبقے کی سب سے زیادہ نفرت انگیز شخصیات میں سے ایک کے خلاف کاروائی کرنے کا فیصلہ کر لے۔
ضرورت اس بات کی ہے کہ ارب پتیوں کی دولت کو ضبط کرنے اور حکمران طبقے کے خلاف انفرادی طور پر لڑنے کی بجائے، ایک طبقے کی حیثیت سے نمٹنے کے لیے کمیونسٹ پروگرام سے مسلح محنت کش طبقے کی ایک بڑی سیاسی قوت کو تعمیر کیا جائے۔ انفرادی تشدد کی بجائے صرف اجتماعی انقلابی جدوجہد کے ذریعے ہم نہ صرف سرمایہ دار طبقے کو ختم کر سکتے ہیں بلکہ ان کی دولت پر قبضہ کر کے اور معیشت کو اندھا دھند منافع کے حصول سے ہٹا کر پوری انسانیت کی بہتری کی طرف موڑ کر اسے دوبارہ منظم بھی کر سکتے ہیں۔