کینیڈا: فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کے لیے پچاس ہزار طلبہ کا ہڑتال کا اعلان

|رپورٹ: کمیونسٹ ریولوشن، ترجمہ: آصف لاشاری|

یہ کیوبک اور کینیڈا میں فلسطین تحریک کے لیے درست سمت میں اٹھایا جانے والا ایک بڑا قدم ہے۔ 21 اور 22 نومبر کو کم از کم 26 طلبہ ایسوسی ایشنز سے منسلک 50 ہزار طالب علم فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے ہڑتال کرنے جا رہے ہیں۔

انگریزی میں پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں

یہ اعداد و شمار 84 ہزار کی تعداد تک بڑھ سکتے ہیں کیونکہ باقی درجنوں طلبہ ایسوسی ایشنز سے بھی 34 ہزار طلبہ اس ہڑتال کا حصہ بنیں گے۔

یہ کیوبک اور کینیڈا میں فلسطین تحریک کے لیے درست سمت میں اٹھایا جانے والا ایک بڑا قدم ہے۔ ایک سال کی نسل کشی کے بعد طلبہ تحریک آخر کار متحرک ہونے کی طرف جا رہی ہے۔

اگست میں انقلابی کمیونسٹ پارٹی نے مختلف طلبہ گروپوں اور فلسطین کے حامی گروپوں سے متحد ہونے اور فلسطین کے حق میں ایک طلبہ ہڑتال کرنے کی عام اپیل کی تھی۔ ہم نے ’فلسطین کے لیے طلبہ کی ہڑتال‘ (Student Strike for Palestine) کمپین کا اغاز کیا اور اس کمپین کو ملک بھر میں 45 کیمپسوں تک لے کر گئے۔ ہم نے ان تھک محنت کی اور یہ بحث اتاری کہ مصنوعات کے بائیکاٹ اور سرمایہ دار اداروں جیسا کہ حکومتوں، اقوام متحدہ اور یونیورسٹیوں کی انتظامیہ سے درخواستیں کرنا کام نہیں کر رہا اور اب ہمیں فلسطین کی آزادی اور سامراجیوں کو شکست دینے کے لیے طبقاتی جدوجہد کے انقلابی طریقے کی ضرورت ہے۔ طلبہ ہڑتالوں کی یہ لہر اسی محنت کا نتیجہ ہے۔

اب مونٹریال، شیر بروک، کیوبک سٹی، لاویل، سٹے تھیریس (Ste-Thérèse)، سینٹ جیروم اور ریموسکی سے طلبہ ہڑتال کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔

یہ ہڑتال نہایت اہم ہے۔ 21 نومبر کی ہڑتال 2015ء کے موسم بہار میں کیوبک میں کٹوتیوں کے خلاف ہونے والی ہڑتال کے بعد ہونے والی سب سے بڑی طلبہ ہڑتال ہو گی۔

اس تحریک کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ گئی ہے کہ اس نے لسانی تفریق کا خاتمہ کیا ہے۔ مونٹریال کے تمام انگریزی اور فرانسیسی زبان بولنے والے کیمپس اس تحریک میں شامل ہیں۔

ایسا نہیں ہے کہ ہڑتال کے راستے میں کسی قسم کی رکاوٹیں نہیں آئیں۔ ہر جگہ طلبہ رہنماؤں اور سرگرم کارکنوں نے ہمیں یہی کہا کہ طلبہ ہڑتال میں دلچسپی نہیں رکھتے۔ ایک عام بحث یہ تھی کہ مغرب میں نوجوان فلسطین کے لیے لڑنا نہیں چاہتے۔ ایسے مایوس اور تشکیک پسند افراد غلط ثابت ہو چکے ہیں۔

21نومبر کو مختلف کیمپسوں میں ہڑتال کے علاوہ ملک بھر میں درجنوں کیمپسوں کے اندر احتجاجی مارچ اور مظاہروں کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔

کیوبک اور کینیڈا میں ہر جگہ انقلابی کمیونسٹ پارٹی مکمل طور پر متحرک ہونے کی طرف جائے گی تاکہ اس ہڑتال کو کامیاب بنایا جا سکے۔

ہمارا ماننا ہے کہ یہ تو ابھی آغاز ہے! خاموشی کے بت ٹوٹ چکے ہیں، طلبہ یونینز اور فلسطین کے ساتھ حمایت رکھنے والے گروپوں کو چاہیے کہ وہ ملک بھر میں ایک مکمل عام ہڑتال اور یونیورسٹیوں کی مکمل تالا بندی کے لیے کمپین کریں اور اسے پھیلائیں۔

ہم کینیڈا کے تمام طلبہ سے اپیل کرتے ہیں کہ یہ لڑائی آپ کی لڑائی ہے۔ جو لوگ فلسطین میں نسل کشی کر رہے ہیں اور جو ہمارے تعلیمی نظام کو تباہ و برباد کر رہے ہیں، یہ ایک ہی لوگ ہیں۔ یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے ہمیں قرضوں کی زنجیروں میں جکڑا ہوا ہے کیونکہ تعلیمی اخراجات مسلسل بڑھتے چلے جا رہے ہیں۔ یہ وہی لوگ ہیں جن کے پاس جنگوں کے لیے اربوں روپے ہیں لیکن گھروں کی تعمیر کے لیے کچھ بھی نہیں۔

ہم مشرقِ وسطیٰ اور دنیا بھر کے مظلوم عوام کی سب سے بہترین خدمت یہی کر سکتے ہیں کہ اپنے حکمران طبقے کو اکھاڑ پھینکیں۔

فلسطین میں نسل کشی اور پورے مشرقِ وسطی میں پھیلتی ہوئی جنگ، جسے مغربی سامراجیوں کی مکمل حمایت حاصل ہے، مکمل تباہی کا ایسا نسخہ ہے جو آج کا سرمایہ دارانہ نظام پیش کر رہا ہے۔ اس نظام کی تکالیف کے مکمل خاتمے کے لیے سرمایہ دارانہ نظام کو اکھاڑ کر پھینکنا ہو گا۔

Comments are closed.