|رپورٹ: انقلابی کمیونسٹ پارٹی|
ستمبر کے مہینے میں ہم نے ملک کے مختلف شہروں میں انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے سٹیکرز لگانا شروع کیے۔ ان میں سے ایک سٹیکر پر لکھا تھا ”کیا آپ کمیونسٹ ہیں؟“۔ اس کے علاوہ باقیوں پر کمیونسٹوں کے مطالبات و مقاصد لکھے تھے۔
ہم نے ایک ویڈیو بھی بنائی جس میں انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے کامریڈ یہ کہہ رہے ہیں کہ ”کیا آپ کمیونسٹ ہیں؟ اگر ہاں، تو پھر انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے ممبر بنیں!“۔ یہ ویڈیو ٹِک ٹاک پر وائرل ہو گئی۔
اس طرح سٹیکرز اور سوشل میڈیا پر ویڈیو اور ان سٹیکرز کی تصاویر دیکھ کر دون دن کے اندر ہی سینکڑوں لوگوں نے انقلابی کمیونسٹ پارٹی جوائن کرنے کے لیے ہم سے رابطہ کیا۔ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ طلبہ اور محنت کشوں میں انقلابی تبدیلی کی کتنی شدید خواہش موجود ہے۔
مگر اس وقت سماج کی انقلابی تبدیلی کا پروگرام رکھنے والی کوئی ایک بھی سیاسی پارٹی موجود نہیں۔ تمام پارٹیاں سرمایہ داروں، جاگیرداروں اور بینکاروں کی پارٹیاں ہیں، جبکہ انقلاب تو ہونا ہی ان حکمرانوں کے خلاف ہے۔ حکمران یہ رونا رو رہے ہیں کہ ملک بحران میں ہے، لہٰذا مہنگائی اور بیروزگاری بڑھ رہی ہے۔
ہم یہ سوال کرتے ہیں کہ یہ کیسا بحران ہے جس میں امیر امیر تر ہوتا جا رہا ہے؟ صرف غریب محنت کش عوام کے لیے ہی بحران کیوں ہے؟
انقلابی کمیونسٹ پارٹی یہ سمجھتی ہے کہ اس ملک میں بہت زیادہ دولت موجود ہے، مسئلہ یہ ہے کہ دولت ہے چند سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کے کنٹرول میں۔ اسی طرح ہر سال ملٹی نیشنل کمپنیاں اربوں ڈالر یہاں سے لوٹ کر باہر لے جاتی ہیں۔
اگر یہ ساری دولت چند سرمایہ داروں اور جاگیرداروں سے چھین کر مزدور ریاست کے کنٹرول میں لیتے ہوئے منافع کمانے کی بجائے سماج کی فلاح کے لیے استعمال کی جائے تو بجلی، تعلیم، صحت، رہائش سب کو مفت فراہم کی جا سکتی ہے۔ نیا روزگار پیدا کر کے بیروزگاری کا مکمل خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔
اگر آپ انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے منشور سے اتفاق کرتے ہیں تو پھر ہمارے ممبر بنیں اور اس پارٹی کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں!