انقلابی کمیونسٹ پارٹی کی تعمیر

برانچ کیا ہوتی ہے؟

برانچ، انقلابی کمیونسٹ پارٹی کا سب سے بنیادی یونٹ ہے۔ پارٹی کے نظریات سے متفق تین سے چار افراد اپنے علاقے، فیکٹری یا کیمپس پر ایک نئی برانچ یا cell کا آغاز کر سکتے ہیں۔ اس وقت پارٹی کی درجنوں برانچیں ملک کے طول و عرض میں موجود ہیں اور فعال انداز میں منظم ہیں۔ در حقیقت یہ وہ بنیاد ہے جس پر پارٹی کا تمام تر بالائی ڈھانچہ کھڑا ہوتا ہے۔ پارٹی میں جمہوری انداز میں تمام فیصلے کرنے اور جمہوری مرکزیت کے اصول کے تحت قیادت منتخب کرنے سے لے کر تناظر کی بحث پر فیصلے لینے تک اس ادارے کا کردار بنیادی ہے۔ یہی وہ ادارہ ہے جس کے ذریعے نہ صرف پارٹی کارکنان کی بنیادی سیاسی و نظریاتی تعلیم و تربیت ہوتی ہے بلکہ وہ پارٹی کے عملی کام میں بھی شمولیت اختیار کرتے ہیں۔ اسی طرح اپنے علاقے، فیکٹری، محلے، تعلیمی ادارے وغیرہ میں پارٹی کے نظریاتی و عملی کام کو پھیلانا اور نئے لوگوں کو پارٹی میں شامل کرتے ہوئے نئی برانچز کو تعمیر کرنا بھی ایک برانچ کے ممبران کا بنیادی فریضہ ہے۔

برانچ کی ہر میٹنگ میں سیاسی اور نظریاتی نکات پر منظم بحث ہوتی ہے۔ اس حوالے سے عالمی و ملکی سطح پر ہونے والے اہم واقعات کو کمیونسٹ نظریات کے تحت زیر بحث لایا جاتا ہے اور ان پر تفصیلی رائے بنائی جاتی ہے۔ اس میں کسی بھی ملک میں ابھرنے والی عوامی تحریک، مزدوروں کی ہڑتالیں، مالیاتی بحران یا دیگر اہم واقعات پر بحث کے علاوہ انقلابات کی تاریخ، مارکسی معیشت اور فلسفے کے موضوعات پر بھی گفتگو ہوتی ہے اور تمام ممبران کی دلچسپی کو مد نظر رکھتے ہوئے منظم بحث کی جاتی ہے۔

اس کی میٹنگ ہفتہ وار بنیادوں پر منعقد ہوتی ہے، جس میں باقاعدگی کے ساتھ شرکت تمام برانچ ممبران پر لازم ہے۔ سیاسی اور نظریاتی بحثوں کے علاوہ ہر میٹنگ کے آخری حصے میں پارٹی کی تعمیر پر بھی گفتگو کی جاتی ہے اور ہر ممبر اپنی ذمہ داریوں کے حوالے سے رپورٹ پیش کرتا ہے۔ نوجوانوں اور مزدوروں سمیت گھریلو خواتین و دیگر تک پارٹی کے نظریات کو پھیلانے کے علاوہ پارٹی کے لٹریچر کی فروخت اور فنڈز کی وصولی کی رپورٹس بھی ذمہ داران کی جانب سے پیش کی جاتی ہیں۔ سب سے اہم کام نئے افراد کو پارٹی میں شامل کرنا ہے جو ہر ممبر کی اولین ذمہ داری ہے۔ برانچ کو باقاعدگی سے منظم کرنا تمام ممبران کے علاوہ برانچ سیکرٹری کی بھی اولین ذمہ داری ہے۔

انقلابی کمیونسٹ پارٹی میں برانچ کی وہی حیثیت و اہمیت ہے جو کسی زندہ جسم میں ایک خلیے کی ہوتی ہے۔ اگر خلیے صحت مند ہوں گے تو پورا جسم صحت مند ہو گا اور اگر خلیے بیمار ہوں گے تو پورا جسم بیمار پڑ جائے گا۔ اسی لیے تمام کیمونسٹ کارکنان کے لیے لازمی ہے کہ وہ پارٹی کے اس بنیادی ادارے کی بھرپور نظریاتی و عملی فعالیت کو یقینی بنائیں۔

انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے اخبار کی کیا اہمیت ہے؟

انقلابی کمیونسٹ پارٹی کا اخبار سب سے پہلے تو پارٹی کے سیاسی و نظریاتی مؤقف کا ترجمان ہوتا ہے۔ یہ نہ صرف کمیونزم کے بنیادی نظریات کی ترویج کا کام کرتا ہے بلکہ مختلف عالمی و ملکی سیاسی، معاشی، سماجی و دیگر موضوعات پر کمیونسٹ نقطہ نظر بھی محنت کشوں، نوجوانوں اور کسانوں تک پہنچاتا ہے۔ مزید برآں یہ اپنے قارئین کو عالمی مزدور تحریک اور دنیا بھر میں محنت کش عوام کے حالات و جدوجہد سے بھی آگاہ رکھتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ ایجی ٹیشن کا بھی ایک زبردست اوزار ہے اور خاص کر اس میں شائع ہونے والی محنت کشوں، طلبہ اور سماج کی دیگر مظلوم پرتوں کے حالات اور جدوجہد پر مبنی رپورٹیں کسی بھی احتجاجی تحریک میں کمیونسٹ کارکنان کی انقلابی مداخلت کے لیے راہ ہموار کرتی ہیں۔

مگر پارٹی اخبار کی اہمیت صرف پراپیگنڈے اور ایجی ٹیشن تک ہی محدود نہیں ہوتی بلکہ یہ براہ راست طور پر پارٹی کی تنظیم کاری میں بھی ایک نہایت بنیادی کردار ادا کرتا ہے کیونکہ پورے ملک سے رپورٹس اور دیگر سیاسی مواد اکٹھا کرنے، اسے شائع کرنے اور پھر اخبار کی پورے ملک میں ترسیل اور فروخت اس وقت تک ممکن ہی نہیں جب تک کہ پارٹی کے پاس اوپر سے لے کر نیچے تک تنظیمی اداروں میں منظم ممبران کا ایک نیٹ ورک نہ ہو۔ اسی طرح پارٹی کے لیے لڑاکا فنڈز اکٹھے کرنے میں بھی اخبار کا ایک اہم کردار ہوتا ہے۔

پارٹی اخبار کی اسی اہمیت کے پیش نظر تمام پارٹی ممبران کا اولین فریضہ ہے کہ سب سے پہلے تو وہ خود اس کا تفصیلی مطالعہ کریں اور پھر اپنے سیاسی رابطوں کو بھی اس کے مطالعے کی جانب راغب کریں۔ اسی طرح اخبار کی اشاعت کے لیے درکار مواد کی فراہمی میں ایک فعال کردار ادا کریں اور اس کی زیادہ سے زیادہ فروخت کو یقینی بنائیں۔ صرف اسی طرح سے ہی انقلابی پراپیگنڈے، ایجی ٹیشن اور تنظیم کاری کے اس شاندار اوزار کا پوٹینشیل مکمل طور پر استعمال میں آ سکتا ہے۔

انقلابی کمیونسٹ پارٹی کی تعمیر کے لیے فنڈ کیسے اکٹھا کیا جائے؟

ایک انقلابی سیاسی پارٹی کے لیے فنڈ ز کی فراہمی انتہائی اہم سوال ہے۔ لیکن اس سے زیادہ اہم یہ سوال ہے کہ یہ فنڈ یا چندہ کس نظریے اور پروگرام کے تحت اور کس طبقے سے حاصل کیا جا رہا ہے۔ ایک پیشہ ورانہ انقلابی پارٹی کے لیے فنڈ پارٹی قائدین کو دی گئی رشوت نہیں ہوتی بلکہ انقلابی نظریات کو سماج کی وسیع پرتوں تک پہنچانے، محنت کش عوام کے ساتھ جڑت پیدا کرنے اور روزمرہ انقلابی کام کو پیشہ ورانہ انداز میں سر انجام دینے کا ذریعہ ہوتا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ کوئی بھی تنظیم، ادارہ یا پارٹی جس طبقے سے چندہ اکٹھا کرتی ہے صرف اسی کے مفادات کی ترجمانی اور حقوق کی جدوجہد کرتی ہے۔

کسی بھی سماج میں تمام مروجہ سیاسی پارٹیاں چندہ اکٹھا کرتی ہیں لیکن اگر باریک بینی سے مشاہدہ کیا جائے تو تمام دائیں بازو کی پارٹیاں حکمران طبقے کے پیسوں پر پلتی ہیں۔ حکمران طبقے کے مختلف دھڑے ”مخیر حضرات“ کے ذریعے مختلف پارٹیوں کو چندہ، ریاستی وسائل، ٹی وی پروگراموں کا ٹائم وغیرہ فراہم کرتے ہیں تاکہ اپنے نمائندوں کو عوام کے قائدین بنا کر انہیں مسلط کیا جائے اور سرمایہ دار طبقے کے مفادات کا تحفظ کیا جائے۔ کئی افراد یا دھڑے بوقت ضرورت ایک سے زیادہ پارٹیوں کو بھی چندہ کرتے ہیں یا پھر موقعے کا فائدہ اٹھا کر اقتدار کی دوڑ میں ریس کے درمیان گھوڑا بھی تبدیل کر لیتے ہیں۔

اسی طرح مذہبی پارٹیاں بھی کسی فرقے لیکن حتمی تجزیے میں سرمایہ دار طبقے یا سامراجی طاقت کے ہی کسی دھڑے کی ترجمانی کر رہی ہوتی ہیں۔ این جی اوز کا کام محنت کش طبقے کو سیاست سے متنفر کرنا اور ظالمانہ سرمایہ دارانہ نظام کو منافقانہ انداز میں بہتر دکھا کر عوام کو لوٹنا ہے جس کے لیے اندرون ملک یا بیرون ملک سے چندہ اکٹھا کیا جاتا ہے۔

پاکستان میں نام نہاد بائیں بازو کی پارٹیاں، اگر انہیں پارٹی کہا جا سکتا ہے، بھی اسی دھندے کا حصہ ہیں۔ اس لیے یہ تمام سیاسی پارٹیاں ملک کے سب سے بڑے طبقے یعنی محنت کش عوام سے نہ تو چندہ لیتی ہے، نہ ہی اس کی ضرورت محسوس کرتی ہیں اور حتمی طور پر حکمران طبقے کے ہی مختلف مفادات کی ترجمانی کرتی ہیں کیونکہ اسی کام میں ان کو اپنی کرپشن کے مواقع بھی فراہم ہوتے ہیں۔

ایک انقلابی کمیونسٹ پارٹی سب سے پہلے انقلابی نظریات اور پروگرام کی ترجمان ہوتی ہے۔ اس کے لیے ایک مرکزی منتظم اخبار یا نظریاتی میگزین یا دونوں کی شکل میں موجود ہوتا ہے جس کے ذریعے پارٹی ممبران میں جڑت اور ہم آہنگی پیدا کرتے ہوئے محنت کش طبقے کے نقطہ نظر کے مطابق سیاست و معیشت کا تجزیہ عوام تک پہنچایا جاتا ہے۔ انقلابی کمیونسٹ پارٹی میں ایسے پیشہ ور انقلابی بھی موجود ہوتے ہیں جو کل وقتی بنیادوں پر انقلاب کی ترویج اور پھیلاؤ کے کام میں جتے رہتے ہیں اور روزمرہ پارٹی کے کام کو دیکھتے ہیں۔

پھر انقلابی پارٹی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا، اشاعت و طباعت کے ذریعے سیاست، معیشت، محنت کش طبقے کی تاریخ، فلسفہ، آرٹ اور ثقافت وغیرہ میں محنت کش طبقے کی دلچسپی اور آگاہی کے لئے پرمغز مواد فراہم کرتی ہے۔ اس کے ساتھ محنت کشوں، کسانوں، نوجوانوں اور جبر کا شکار مظلوم اقوام میں رابطہ کاری اور پارٹی ممبرشپ کے لیے لاکھوں کی تعداد میں لیفلیٹ فراہم کرنا، ان کے ذریعے عوامی، قومی، ادارہ جاتی اور نجی سیکٹر میں محنت کشوں اور عوام کی تحریکوں میں مداخلت اور یکجہتی کرنا، ہر صنعتی علاقے اور محنت کشوں کی آبادیوں میں انقلابی سیاسی آفس بنانا وغیرہ بھی شامل ہوتا ہے۔

سب سے اہم ایک مرکزی دفتر ہوتا ہے جس کے ذریعے تمام کام کی منصوبہ بندی، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ نگرانی کی جاتی ہے۔ ان تمام مقاصد کو پورا کرنے کے لیے انقلابی کمیونسٹ پارٹی کو مالی وسائل بھی درکار ہوتے ہیں جو کہ صرف محنت کش طبقے، چھوٹے کسانوں اور سماج کو بدل دینے کی تڑپ رکھنے والے نوجوانوں سے ہی حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

ہم واشگاف اعلان کرتے ہیں کہ ہم انقلابی نظریات کی بنیاد پر محنت کش طبقے اور نوجوانوں کی ترجمانی کرنے والی پارٹی ہیں جس کا مقصد ایک سوشلسٹ انقلاب کے ذریعے سرمایہ داری کا خاتمہ اور سوشلسٹ مزدور ریاست اور منصوبہ بند معیشت کی تعمیر کرنا ہے۔

یہ تاریخی فریضہ محنت کش طبقہ ہی سرانجام دے سکتا ہے اور ہم اس کا سب سے تیز اور کاٹ دار آلہ ہیں جس کے ذریعے یہ کام سر انجام دیا جا سکتا ہے۔ اس تاریخی کام اور پارٹی کی تیز ترین بنیادوں پر بڑھوتری کے لیے چندہ کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ ہم پورے ملک کے محنت کشوں، کسانوں، نوجوانوں اور مظلوم طبقات کو دعوت دیتے ہیں کہ انقلابی پارٹی کے ممبر بنیں اور ماہانہ بنیادوں پر فنڈ کی فراہمی یقینی بنائیں تاکہ انقلابی کامیابی کا سفر تیزی کے ساتھ طے کیا جا سکے۔

Comments are closed.