|رپورٹ: لال سلام پبلیکیشنز|
20 جولائی 2023ء کو راولاکوٹ (کشمیر) میں لال سلام پبلیکیشنز کی نئی اشاعت، عالمی شہرت یافتہ مارکسی انقلابی رہنما ایلن ووڈز کی انقلاب روس کی قیادت کرنے والی پارٹی (بالشویک پارٹی) کی تاریخ پر لکھی گئی شاہکار کتاب ”بالشویزم: راہِ انقلاب“ کے اردو ترجمے کی تقریب رونمائی کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ، وکلاء، صحافیوں، ادیبوں اور سیاسی جماعتوں کے کارکنان نے شرکت کی۔
تقریب میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض محنت کشوں کی ملک گیر تنظیم ریڈ ورکرز فرنٹ، کشمیر کے رہنما خالد بابر نے ادا کیے اور صدارت کتاب کے مترجم یاسر ارشاد نے کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی کے طور پر عالمی مارکسی رجحان پاکستان کے مرکزی رہنما اور کتاب ”سی پیک: ترقی یا سراب“ کے مصنف آدم پال نے شرکت کی۔ کراچی سے کتاب ”لبرل ازم پر مارکسی تنقید“ کے مصنف پارس جان کے علاوہ جے کے پی این پی کے سیکرٹری جنرل واجد علی ایڈووکیٹ، سروہ راجیہ پارٹی کے صدر سجاد افضل، پیپلز پارٹی کے رہنما اعجاز صدیقی، جے کے ایل ایف کے زونل سیکرٹری ارباب ایڈووکیٹ اور پونچھ یونیورسٹی کے پروفیسر فراز نے کتاب کے مندرجات پر ادبی اور سیاسی حوالے سے بات کرتے ہوئے مصنف اور مترجم کی کاوش کو سراہا اور اس کتاب کے دور حاضر میں اہمیت کو اجاگر کیا۔
آخر میں مہمان خصوصی آدم پال اور مترجم نے بھی شرکا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آج کے عالمی سرمایہ دارانہ بحران میں انقلابی پارٹی کی ضرورت اور اہمیت پر تفصیل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بالشویزم آج بھی انقلابی پارٹی کی تعمیر کے لئے انقلابیوں کی رہنمائی کے لئے بہت ہی اہم اسباق اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔ 1917ء کے روسی انقلاب کی قیادت کرنے والی بالشویک پارٹی کی تشکیل اور تاریخ پر مستند اور شاندار کتاب شائد ہی کوئی اور ہو سکتی ہے۔ کتاب اب خود ایک تاریخی دستاویز کا درجہ حاصل کر چکی ہے۔
کتاب کے صفحات: 910
قیمت: 2500 روپے
اگر آپ کتاب خریدنا چاہتے ہیں تو درج ذیل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ہمیں میسج کریں:
فیس بک پر رابطہ کرنے کیلئے یہاں کلک کریں
ٹویٹر پر رابطہ کرنے کیلئے یہاں کلک کریں
انسٹاگرام پر رابطہ کرنے کیلئے یہاں کلک کریں