شعبہ صحت کے ملازمین کا نجکاری کیخلاف پنجاب اسمبلی لاہور کے سامنے احتجاجی دھرنا جاری۔۔۔عام ہڑتال کی طرف بڑھنا ہوگا!

آج 7 اپریل، بروز سوموار کو، پنجاب اسمبلی لاہور کے سامنے شعبہ صحت کے ملازمین کا بنیادی مراکز صحت (Basic Health Unit) اور رورل ہیلتھ سینٹر کی نجکاری کیخلاف دھرنا جاری ہے۔ اس دھرنے میں پنجاب کے تمام اضلاع سے ملازمین نے شرکت کی اور یہ احتجاجی دھرنا گرینڈ ہیلتھ الائنس کے طرف سے دیا جا رہا ہے جس میں ڈاکٹر، پیرامیڈیکل سٹاف، نرسز اوردیگر شعبہ صحت سے تعلق رکھنے والے ملازمین شامل ہیں۔ اس دھرنے میں شامل ہونے والے ملازمین کو محکمہ صحت کی طرف سے نوکریوں سے نکالنے کی دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں، لیکن اس کے باوجود شعبہ صحت کے ملازمین نے بغیر ڈرے اس میں شرکت کی۔

25مارچ کو ہونے والے احتجاج میں گرینڈ ہیلتھ الائنس نے یہ اعلان کیا تھا کہ اگر پنجاب حکومت کی طرف سے صحت کے شعبے کی نجکاری کی پالیسی کا خاتمہ نہیں کیا گیا تو وہ 7 اپریل کو پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دیں گے۔ اور آج پیر کا سورج طلوع ہوتے ہی ہزاروں کی تعدا میں ملازمین پنجاب اسمبلی کے سامنے پہنچنا شروع ہو گئے اور ملازمین اپنے ہمراہ رہائش کا سامان بھی لے کر آئے۔ اس کے علاوہ جو عمل اس احتجاجی دھرنے کو سب سے اہم بناتا ہے وہ یہ کہ وہاں موجود ملازمین نے انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے ممبران کو بتایا کہ ان کے اپنے اپنے اداروں کے ملازمین نے پیسے جمع کئے اور اس ادارے یا اس علاقے کی ترجمانی کیلئے وفد کو اس احتجاجی دھرنے میں شرکت کیلئے بھیجا۔

اس دھرنے میں شرکت کیلئے انقلابی کمیونسٹ پارٹی کی طرف سے ایک خصوصی لیفلیٹ بھی تیار گیا تھا، جس میں نجکاری کیخلاف جاری ملازمین کی تحریکوں، کسانوں اور طلبہ کے اکٹھ کی ضرورت پر بات کی گئی ہے اور عام ہڑتال کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔ اس لیفلیٹ کیساتھ انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے کارکنان نے شرکت کی اور وہاں ملازمین سے جب اکٹھے ہوکر عام ہڑتال پر بات کی تو تمام ملازمین نے اس کی بھرپور حمایت کی اور کہا کہ اس کے بغیر آج ہم اپنے مطالبات اور اپنا حق حاصل بھی نہیں کر سکتے۔

اس اکٹھ کی ضرورت پر بات کرنے سے بڑھ کے جس عمل کی ضرورت تھی وہ یہ کہ اب اس اکٹھ کو عملی جامہ کیسے پہنایا جائے اور اس کا جواب بھی اس احتجاجی دھرنے میں دیکھنے میں آیا، جب آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس (اگیگا) پنجاب کی قیادت نے بھی اس احتجاجی دھرنے میں شرکت کی، جس میں آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) لاہور، پنجاب پروفیسرز اینڈ لیکچرار ایسوسی ایشن (پپلا) اور اگیگا پنجاب کی جنرل سیکرٹری اور اس کے علاوہ پنجاب ٹیچرز یونین نے یکجہتی کا پیغام دیا۔

پنجاب حکومت کی طرف سے پنجاب کے عوامی اداروں کی نجکاری کیخلاف، سرکاری ملازمین و محنت کشوں کی تنخواہوں میں اضافے اور دیگر مزدور دشمن پالیسیوں کیخلاف اگیگا ایک لمبے عرصے سے جدوجہد کر رہی ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ اگیگا پنجاب کی قیادت کی گرینڈ ہیلتھ الائنس کے احتجاجی دھرنے میں شرکت اور یکجہتی کا عمل ایک خوش آئند اقدام ہے اور محنت کشوں کی طبقاتی جڑت اور اس سرمایہ دارانہ نظام اور اس کی ریاست کیخلاف جدوجہد کیلئے ایک آگے کا قدم ہے۔

اگیگا پنجاب کی قیادت کی طرف سے اس احتجاجی دھرنے میں شرکت یکجہتی کی ایک شاندار مثال ہے، اگیگا کی قیادت پر یہ فرض عائد ہو جاتا ہے کہ وہ بھی احتجاجات کے سلسلے کو وسیع کریں اور پنے مطالبات میں صحت کے شعبے کے ملازمین کے مطالبات شامل کریں اور اسی طرح گرینڈ ہیلتھ الائنس کو بھی اپنے مطالبات میں اگیگا کے ملازمین کے مطالبات بھی شامل کرنا ہوں گے۔

اگیگا اور گرینڈ ہیلتھ الائنس کی جڑت کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ضروری ہے کہ پنجاب اسمبلی کے سامنے جاری احتجاجی دھرنے میں موجود ملازمین کو اعتماد میں لے کر قیادت ایک وفد بنائے اور وہ وفد ان تمام اداروں کے ورکرز کے پاس جائے جن کی نجکاری کی جا رہی ہے جیسے یوٹیلیٹی سٹورز، پاکستان پوسٹ، پی آئی اے، واپڈا، ریلوے، اور انہیں اس دھرنے میں شامل ہونے کی دعوت دے۔ اس کے علاوہ اس لڑائی میں کسانوں، فیکٹری مزدوروں کو بھی شامل ہونے کی دعوت دی جائے۔

اس کیلئے تمام سرکاری و پرائیویٹ اداروں اور فیکٹریوں کے مزدوروں اور کسانوں کے مسائل کو اپنا سمجھ کر ”ایک کا دکھ، سب کا دکھ!“ کے تحت مشترکہ لڑائی شروع کی جائے۔ اس کیلئے فوری طور پر آغاز میں صوبائی سطح کی ورکرز ایکشن کمیٹی بنائی جائے۔ اگلے قدم میں ملک گیر ورکرز ایکشن کمیٹی بنائی جائے جس میں پورے ملک کے سرکاری و پرائیویٹ اداروں کے ورکرز، کسانوں اور اُن کے مسائل کو شامل کیا جائے۔

اپنے مطالبات منوانے کیلئے دھرنے سے ایک قدم آگے بڑھ کر پورے ملک میں ایک ہی دن یہ ورکرز ایکشن کمیٹی ”عام ہڑتال“ کی کال دے۔ اس دن پورے ملک کے تمام سرکاری و پرائیویٹ ادارے اور فیکٹریاں بند ہوں۔ یہ ہڑتال تب تک جاری رکھی جائے جب تک مطالبات تسلیم نہ ہو جائیں۔

انقلابی کمیونسٹ پارٹی کی طرف سے اس کیلئے ہم کل نئے لیفلیٹ کیساتھ احتجاجی دھرنے میں شریک ہوں گے، جس میں اس دھرنے اور محنت کشوں کی جدوجہد کی کامیابی کیلئے گرینڈ ہیلتھ الائنس کے وفد، مزدوروں کے اتحاد اور عام ہڑتال کی ضرورت پر تحریر درج ہو گی۔ اور اس جدوجہد کو فوری لازمی اقدامات پر بھی تفصیل سے لکھا جائے گا۔ کیونکہ گرینڈ ہیلتھ الائنس کی طرف سے اعلان کیا گیا ہے کہ یہ دھرنا دس دن تک جاری رہے گا او ر آج دھرنے کا مقصد اتحاد بنانا ہے، کیونکہ ایک لمبے عرصے سے صرف دھرنوں سے مسئلہ حل نہیں ہو سکا، لیکن ایک عام ہڑتال ہی محنت کش طبقے کی کامیابی کی ضمانت ہے۔

آج کے احتجاجی دھرنے میں انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے کامریڈز نے پرجوش نعرے لگائے اور ماہانہ ”کمیونسٹ“ اخبار کا تعارف کرایا اور 28 اخبار فروخت ہوئے۔

Comments are closed.