اگیگا پنجاب کا صوبہ بھر میں احتجاج!

|رپورٹ: نمائندہ ورکرنامہ، لاہور|

 

15مئی کو آل گورنمنٹ ایمپلائیز گرینڈ الائنس (اگیگا) پنجاب کی کال پر صوبے بھر کے ہر ڈسٹرکٹ میں اگیگا میں شامل ملازمین تنظیموں کی جانب سے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کیا گیا جس میں ایپکا، آفس سٹاف اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کی شرکت نمایاں تھی۔

احتجاجی ملازمین کے مطالبات میں تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ، لیو انکیشمنٹ اور پنشن رولز میں مزدور دشمن تبدیلیوں کا خاتمہ اور صوبے بھر کے ہزاروں سرکاری سکولوں کی مجوزہ نجکاری کا خاتمہ سرفہرست تھے۔ لاہور میں سول سیکرٹریٹ کے سامنے احتجاج کیا گیا جس میں ریڈ ورکرز فرنٹ، لاہور کے کارکنان نے بھی شرکت کی اور محنت کشوں و ملازمین کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کیا۔

اس کے بعد 17 مئی کو اگیگا کی مرکزی قیادت، جس میں فیڈرل اور تمام صوبائی قیادتیں بھی شامل تھیں، نے اسلام آباد پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے بجٹ 2024-25ء کے حوالے سے اپنے مطالبات پیش کیے۔ ان میں تنخواہوں میں 100 فیصد جبکہ ہاؤس رینٹ، میڈیکل و کنوینس الاؤنس میں 200 سو فیصد اضافہ، پنشن و لیو انکیشمنٹ رولز میں مزدور دشمن ترامیم کا خاتمہ، نجکاری کا خاتمہ، تمام ایڈہاک و کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی اور مزدور کی کم از کم اجرت پچاس ہزار روپے مقرر کرنے جیسے مطالبات شامل تھے۔

مزید برآں قیادت نے پیغام دیا کہ اگر حکومت نے ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے تو فیڈرل اور چاروں صوبوں کے ملازمین بجٹ سے قبل اسلام آباد میں احتجاجی دھرنا دیں گے۔ ریڈ ورکرز فرنٹ، اگیگا کے ان تمام مطالبات کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور ملازمین و محنت کشوں کی جدوجہد میں ہمیشہ کی طرح ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔

لیکن اس کے ساتھ ساتھ ہم اگیگا قیادت کو واضح الفاظ میں یہ بتا دینا چاہتے ہیں کہ جس طرح اکتوبر 2023ء میں قیادت نے اگیگا پنجاب کی شاندار تحریک کو بدترین سمجھوتے بازی کرتے ہوئے بغیر کچھ حاصل کیے ختم کر دیا تھا، اس مرتبہ اس طرح کے دھوکے کی کوئی گنجائش نہیں ہے اور اگر اس بار ملازمین و محنت کشوں کو کسی سمجھوتے بازی کی زرا سی بو بھی آئی تو وہ قیادت کو موقع پر ہی آڑے ہاتھوں لیں گے اور انہیں تحریک سے بے دخل کرتے ہوئے نئی جرات مند قیادت تراش لائیں گے۔

 

Comments are closed.