|رپورٹ: اللہ ورایو لاسی|
مورخہ 6نومبر بروز اتوار لسبیلہ پریس کلب میں یونائیٹڈ لیبر فورم اور پروگریسو یوتھ الائنس کے زیر اہتمام ’’بالشویک انقلاب کی 99ویں سالگرہ بنام شہدائے گڈانی شپ بریکنگ یارڈ‘‘ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت یونائیٹڈ لیبر فورم کے صدر کامریڈ اللہ ورایو لاسی جبکہ مہمان خصوصی بی ایس او(پجار)کے انفارمیشن سیکرٹری بلاول بلوچ تھے جو کوئٹہ سے تقریب میں شرکت کے لیے پہنچے تھے۔ تقریب کو گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں ہونے والے سانحہ کے مزدور شہدا کے نام سے منسوب کیا گیا تھا۔
مقررین میں ریڈ ورکر ز فرنٹ(RWF) کے رہنما تصور قیصرانی، پارس جان، ثنا بلوچ، مزمل اور پروگریسو یوتھ الائنس(PYA) کے رہنما فارس راج اورمیزان راہی شامل تھے۔ کامریڈ فقیر نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض سر انجام دیے۔ مقررین نے بالشویک انقلاب کی تاریخی اہمیت اور احد حاضر میں بالشویک پارٹی کی طرزکی پارٹی کی ضرورت پر زور دیا۔ مہمان خصوصی نے وضاحت کی کہ روس جسے مظلوم قومیتوں کا جیل خانہ کہا جاتا تھاوہاں بالشویک پارٹی نے محنت کش طبقے کو منظم کرتے ہوئے ایک ایسا سوشلسٹ معاشرہ تشکیل دیا جہاں محکوم و مظلوم قومیتوں کی تمام محرومیوں اور استحصال کا خاتمہ کیا گیا۔ بالشویک پارٹی کے قائدین لینن اور ٹراٹسکی نے مظلوم قومیتوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کی تھی، جس کی وجہ سے ایک رضاکارانہ سوشلسٹ فیڈریشن کا قیام عمل میں آیا۔
تقریب میں گڈانی شپ بریکنگ یارڈ کے شہدا کے لواحقین کے 25لاکھ روپے فی کس امدادی پیکیج، ٹھیکیداری نظام کا خاتمہ، سوشل سیکورٹی اور EOBIمیں محنت کشوں کی رجسٹریشن، ددر زنک اینڈ لیڈ مائیننگ پروجیکٹ کنراج کے محنت کش انور جاموٹ کے لواحقین کے لیے فوری مالی امداد اور تمام محنت کشوں کی تنخواہ ایک تولہ سونا کے برابر کرنے کے مطالبات کے حق میں قرارداد منظور کی گئی۔ آخر میں تقریب کے صدر کامریڈ اللہ ورایو نے تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا اور طبقاتی بنیادوں پر جدوجہد کو تیز کرتے ہوئے سوشلسٹ انقلاب کے پیغام کو پھیلانے کی اہمیت پر زور دیا۔ اور حب و گڈانی کے مزدوروں کو اپنے پیغام میں کہا کہ وہ منظم ہو کر اپنے جائز حقوق کے لیے جدوجہد تیز کریں۔