رپورٹ:| RWF، لاہور|
پنجاب کے تعلیمی داروں کی نجکاری اور PEF کے حوالگی کے خلاف پنجاب بھر کے اساتذہ کااحتجاجی دھرنا پنجاب اسمبلی کر سامنے دوسرے روز بھی جاری ہے۔ تعلیمی اداروں کی نجکاری کے خلاف کل دوپہر سے پنجاب بھر سے آئے اساتذہ کا پنجاب ٹیچرز یونین(PTU) کی قیادت میں پنجاب اسمبلی کے سامنے چئیرنگ کراس مال روڈ پر دھرنا دئیے بیٹھے ہیں۔اس دوران انتظامیہ کے ساتھ رات گئے ہونے والے مذاکرات نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوئے جس کی وجہ سے اساتذہ نے دھرنا جاری رکھا ہوا ہے اور پنجاب کے دوسرے اضلاع سے بھی اساتذہ کی آمد جاری ہے۔ دھرنے سے پنجاب ٹیچرز یونین(PTU) کے عہدیداران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک نجکاری کا فیصلہ واپس نہیں لیا جائے گا دھرنا جاری رہے گااور ہم اس جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔ مختلف علاقوں سے آئے ہوئے اساتذہ نےدھرنے سے خطاب کرتے ہوئے حکومتی پالیسیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ تعلیم اور صحت کی مفت فراہمی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے مگر اس کے برعکس کرپٹ اور ظالم حکومت نے تعلیمی اداروں کو بیچنے پر لگا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم حکومت کے اس نجکاری کے حملے کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔