جواب۔ سرمایہ داری نظام کی بیگانگی کی بنیادی وجہ محنت کش اور اس کی محنت سے تخلیق ہونے والی پیداوار کے درمیان لاتعلقی اور سرمایہ دارانہ استحصال پر پڑا ہوا پردہ ہے جو اجرتی محنت اور سرمائے کے درمیان حقیقی رشتوں کو چھپانے کی کوشش کرتا ہے۔ محنت کش جو پیدوار اور اس کی قدر تخلیق کرنے میں محنت صرف کرتا ہے اس کا صلہ اس کو نہیں ملتا۔ یہاں تک کہ وہ اپنے ہی ہاتھ سے بنائی ہوئی بہت سی چیزوں سے محروم رہتا ہے۔اس سے محنت اور پیدوار کے درمیان بیگانگی جنم لیتی ہے۔ جس کا شکار محنت کش طبقہ اور پورا معاشرہ شکاربنتا ہے۔ اس پوشیدہ استحصال سے اشیاء سے بے جا لگاؤ کا مرض جنم لیتا ہے جس کے باعث اشیاء جانداروں کی خصوصیات اپنا لیتی ہیں اور انسان کمتر ہو کر ’چیزوں‘ کی سطح تک آ جاتے ہیں۔ یہ مسخ شدہ اور پراسرار (بیگانہ) رشتے انسانی شعور کی گہرائیوں میں اتر جاتے ہیں اور پھر یہ فطری اور ناگزیر سمجھے جانے لگتے ہیں۔ اس طرح انگریزی زبان میں محنت کشوں کو ’ہاتھ‘ کہا جاتا ہے اور ہم اکثر حوالہ دیتے ہیں کہ فلاں آدمی کی ’قدر وقیمت ایک ارب ڈالر ہے‘۔ لیکن اس بیگانگی کی بنیاد پیداواری رشتوں یا قانونی زبان میں کہا جائے تو ملکیتی رشتوں پر قائم ہے۔